خیبر پی کے، اسمبلی، قتل کے ملزم بلدیو کمار کی دوبارہ ایوان میں آمد، حلف نہ اٹھا سکے

Apr 17, 2018

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے مشیر سردار سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں گرفتار بلدیو کمار کو ایک مرتبہ پھر حلف برداری کیلئے اسمبلی پہنچایا گیا تاہم وہ حلف نہ اٹھا سکے۔ خیال رہے کہ بلدیو کمار دوسری مرتبہ حلف اٹھانے کیلئے صوبائی اسمبلی آئے تھے۔ بلدیو کمار کی حلف برداری کے وقت صوبائی اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر کی جانب سے اجلاس میں 2 مرتبہ وقفہ دیا گیا تاہم کور پھر بھی پورا نہ ہو سکا۔ بعد ازاں سپیکر صوبائی اسمبلی نے اجلاس کو غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا جس کے بعد بلدیو کمار کو سکیورٹی اہلکاروں نے دوبارہ ایوان سے واپس جیل منتقل کردیا۔ اس سے قبل 27 فروری کو انہیں خیبر پی کے اسمبلی میں لایا گیا تھا تاہم انکے آئے پر ساتھی ارکان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی اور تحریک انصاف کی جانب سے منتخب ہوکر صوبائی اسمبلی کا رکن بننے والے ارباب جہانداد نے بلدیو کمار کو جوتا دے مارا تھا۔

مزیدخبریں