لاہور (معین اظہر سے) بیورو کریسی کی عدم دلچسی کی وجہ سے ابھی تک کسی محکمے نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے اپنا بجٹ نہیں بجھوایا ہے جبکہ نئے اخراجات ایس این جی اے کی منظوری کے لئے دو تین ماہ پہلے ہی وقت ختم ہو چکا ہے جس پر محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے تمام محکموں کے سربراہوں کو لیٹر جاری کیا ہے کہ ایس این ای کے لئے کئی ماہ گزر چکے ہیں اب بھی تمام محکموں کو ایک ہفتہ دیا جارہا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اپنے محکموں کے دفاتر کے بجٹ ایک ہفتے میں بجھواء دیں۔ جبکہ حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو قائم کرنے کے بار بار اعلانات ہو چکے ہیں وزیر اعظم عمران خان اس بارے میں متعدد بار صوبائی حکومت کو کہہ چکے ہیں ۔ تاہم محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے صرف ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کی اسامی کا بجٹ محکمہ خزانہ کو بجھوایا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے الیکشن سے فوری بعد اعلان کیاتھا کہ وہ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومی ختم کرنے کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کرے گی ۔ سیاسی طور پر دو تجاویز تھیں کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریت بہاولپور بنایا جائے یا اس کو ملتان میں بنایا جائے جس پر فیصلہ کر لیا گیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں ہی قائم کیا جائے گا جس میں تمام محکموں کے دفاتر بھی ہونگے تاہم بجٹ میں اس کے لئے فنڈز مختص کرنے کے لئے تمام محکموں کو ہدایا ت جاری کی گئیں کہ وہ محکموں کے دفاتر قائم کرنے کے لئے اگلے بجٹ میں نئے اخراجات شامل کرکے محکمہ خزانہ کو بجھواء دیں لیکن ابھی تک کسی محکمے نے ان فنڈز کے بارے میں محکمہ خزانہ کو اگاہ نہیں کیا ہے تاہم فروری یا مارچ تک نئے اخراجات کے لئے جس کو ایس این ای کہتے ہیںاپنی تجاویز بجھوانی ہوتی ہیں یہ تجاویز نہ بجھوانے پر محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے ایک لیٹر تمام صوبائی محکموں کے سربراہوں کو جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ساوتھ پنجاب میں صوبائی محکموں کی نگرانی کے لئے سیکرٹریٹ قائم کیا جانا ہے ۔ اس کے لئے مجاز اتھارٹی ہدایا ت جاری کر چکی ہے اس کے لئے جو بجٹ سرکلر جاری کیا گیا تھا اس کے تحت اب تک تمام محکموں کے بجٹ میں نئے اخراجات موصول ہو جانے چاہیں لیکن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے تجاویز نہیں ملی ہیں محکموں کے نئے اخراجات کو حتمی منظوری کے لئے 30 اپریل کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ اپنی تجاویز محکمہ خزانہ کو بجھوا دیںتاکہ یکم جولائی سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کام شروع کر سکے ۔ ذرائع کے مطابق بیورو کریسی کی عدم دلچسی کی وجہ سے امکان ہے کہ سیکرٹریٹ یکم جولائی سے کام شروع نہیں کر سکے گا۔ اور اعلان ہو جائے گا لیکن دفاتر کا ہوم ورک فیلڈ میں نہیں قائم ہو سکے گا کیونکہ بیورو کریسی ان علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہے۔