لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کی دعوت پر اٹلی کی ماہر تعمیرات گیبریلا برگنن نے گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا اور ایل ڈی اے کے ٹائون اور میٹرو پولیٹن پلاننگ ونگز کے افسران کو جدید تعمیراتی رجحانات کے بارے میں لیکچر دیا ۔انہوں نے سمارٹ سٹی کے نظریے شہروں کی تعمیر وتوسیع کے بارے میں مختلف امور پر روشنی ڈالی اور ان چیلنجز سے نپٹنے کے لئے ضروری اقدامات کی نشاندہی کی ۔اس موقع پر چیف ٹائون پلانر سید ندیم اختر زید ‘چیف میٹر وپولیٹن پلانر اظہر علی ‘ڈائریکٹر کمرشلائزیشن شکیل انجم منہاس اور بڑی تعداد میں متعلقہ افسران موجود تھے۔