اسلام آباد (نوائے وقت نیوز): چینی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث چینی سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ چینی سفیر یاؤجنگ کی قیادت میں چائنیز سرمایہ کاروں اور تاجروں نے وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، باہمی تعاون اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جب کہ وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے چینی سفیر کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے بارے میں اقدامات سے متعلق بتایا کہ چین پاکستان کا قابل بھروسہ دوست ہے، پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کا تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ چینی سرمایہ کار اور تاجر موجودہ سرمایہ کاردوست ماحول سے استفادہ کریں۔ یاؤجنگ نے کہا کہ چین سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، سی پیک پاکستان اور چین میں خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغا ہوگا۔