پیرس+ اسلام آباد (نیٹ نیوز+این این آئی) فرانسیسی صدر ایمائنول میکرون نے بارویں صدی کے تاریخی گرجاگھر نوٹرڈیم چرچ کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کرنے اور تعمیر نو کا اعلان کیا ہے۔ دنیا بھر میں مشہور 800 سال قدیم پیرس کے نوئرڈیم چرچ میں لگی خطرناک آگ کئی گھنٹے بعد بجھا دی گئی جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے اصل ڈھانچے کو بچا کر چرچ کو مکمل تباہی سے بچا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آگ سے متاثر ہوکر چرچ کی چھت جل گئی۔ ایک بلند مینار گر گیا جبکہ اس کے دو مین ٹاور بچا لئے گئے ہیں۔ 400 فائر فائٹرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ حادثے کی جگہ پہنچنے والے فرانس کے نائب وزیرداخلہ لورنٹ نوئٹرز نے آگ بجھانے کیلئے طیاروں کی مدد نہ لینے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایکشن سے چرچ کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرم پنے چرچ کی آگ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے بجھانے کیلئے طیاروں کے استعمال کا مشورہ دیا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیرس کے چرچ میں آتشزدگی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے فرانسیسی قوم چرچ کی پرانی شان بحال کرے گی۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹر پر بتایاکہ وزیر خارجہ نے پیرس چرچ میں آتشزدگی پر اظہار افسوس کیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پیرس کے تاریخی نوٹر ڈیم کتھیڈرل میں خوفناک آتشزدگی پر دلی رنج ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ نوٹر ڈیم گرجا گھر کئی صدیوں تک کیتھولک عیسائیوں کیلئے ایک مقدس عبادتگاہ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ امید ہے فرانسیسی قوم چرچ کی پرانی شان بحال کریگی۔
قدیم چرچ میں لگی آگ بجھا دی گئی‘ اصل حالت میں بحال کریں گے: فرانسیسی صدر
Apr 17, 2019