لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 51 ویں نیشنل انڈور والی بال چیمپیئن شپ 2019ء کے دوسرے روز بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے جن میں پاکستان ریلویز، پاکستان پولیس، پاکستان اورڈینس فیکٹری، دفاعی چیمپیئن پاکستان واپڈا، پاکستان نیوی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نشتر سپورٹس کمپلیکس لاہور کے انڈور جمنیزیم میں کھیلی جا رہی چیمپیئن شپ میں گذشتہ روز پہلا میچ ریلویز اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ریلویز ٹیم نے تین صفر کے سیٹ سے کامیابی اپنے نام کی۔ ریلویز کی کامیابی کا سکور 25-19، 25-16 اور 25-10 رہا۔ دوسرے میچ میں پولیس ٹیم نے فاٹا کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ پولیس ٹیم کی کامیابی کا سکور 25-13، 25-8 اور 25-16 رہا۔ تیسرا میچ پی او ایف اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پی او ایف نے سخت مقابلے میں پنجاب ٹیم کو تین صفر سے شکست دی۔ پی او ایف ٹیم کی فتح کا سکور 25-21، 25-22 اور 25-18 رہا۔ چوتھے میچ میں دفاعی چیمپیئن پاکستان واپڈا ٹیم نے آزاد جموں اینڈ کشمیر کو 25-17، 25-11 اور 25-21 سے شکست دیکر چیمپیئن شپ میں مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کی۔ پانچویں میچ میں نیوی نے ایچ ای سی ٹیم کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 25-23، 25-17 اور 25-22 سے کامیابی اپنے نام کی۔ چھٹا میچ آرمی اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ٹیم نے کامیابی سیمٹی۔ آرمی ٹیم کی کامیابی کا سکور 25-9، 25-13 اور 25-14 رہا۔ چیمپیئن شپ میں آج مزید میچز کھیلے جائیں گے۔