ورلڈ کپ کے لئے قومی کرکٹرز کی مشقیں شروع، تیم کا اعلان کل ہو گا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)مشن ورلڈ کپ 2019کی تیاریوں کے لئے قومی ٹیم کا تر بیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم میں شروع ہو گیا۔کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ چچا کی وفات کے باعث مڈل آرڈربلے باز حارث سہیل نے کیمپ میں شرکت نہیںکی۔ قذافی سٹیڈیم میں شاہینوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی ڈٹ کر ٹریننگ کی۔ دو روزہ تر بیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے پرخصوصی تو جہ دی جارہی ہے ۔کیمپ کے پہلے روز صبح کے سیشن میںتین گھنٹے تک کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کو بہتربنانے کے لئے خصوصی ڈرلز کروائی گئیں۔ محمد حفیظ نے اپنے ہاتھ کی انجری پر قابو پانے کے لئے خصوصی ڈرلز کیں، کیمپ میں صبح کے سیشن بائولرزکی بیٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے کیمپ میں شامل تمام بائولرز کو بیٹنگ کروائی گئی۔ شام کے سیشن میں بلے بازوں کو بیٹنگ کی خصوصی پریکٹس کروائی گئی۔ مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے اپنے چچا کی وفات کے باعث پہلے روز کیمپ میں حصہ نہیں لیا جبکہ کپتان سرفراز احمد نے کراچی سے واپسی پر ایک گھنٹہ تاخیر سے کیمپ جوائن کیا ۔کیمپ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کاجائزہ لیا ۔ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کیمپ میں کھلاڑیوںکی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کی اور ان سے ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں پر ان کی رائے طلب کی۔ قومی سلیکشن کمیٹی اس وقت ایک فاسٹ بائولر اور مڈل آرڈر میں اضافی بلے بازکے نام پر غور کررہی ہے ۔قومی کیمپ کے دوسرے روز آج کھلاڑی صبح کے سیشن میں ٹریننگ کریں گے جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کل بروز جمعرات پریس کانفرنس میں ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا اعلان کریں گے ۔

ای پیپر دی نیشن