فیصل آباد (آن لائن) تبلیغی جماعت فیصل آباد کی مجلس شوریٰ کے معزز ممبر اور مقامی امیر حضرت مولانا محمد صہیب رومی کرونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کا ایک بیٹا محمد خبیب‘بہو‘ دو پوتے اور ایک پوتی کے بھی کرونا وائرس ٹیسٹ پوزیٹو آئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ‘ محکمہ صحت نے متاثرہ علاقے پائلٹ گرائونڈ کو سیل کر دیا ہے۔ فیصل آباد میں کرونا وائرس سے یہ دوسری ہلاکت ہے‘ آن لائن کے مطابق پائلٹ گرائونڈ پیپلز کالونی نمبر1میں رہائش پذیر حضرت مولانا محمد صہیب رومی تبلیغی جماعت فیصل آباد کی مجلس شوریٰ کے معزز ممبر اور پیپلز کالونی نمبر1 کے مقامی امیر تھے۔ چند روز بیشتر موصوف تبلیغی مرکز رائے ونڈ سے واپس آئے اور گھر پہنچنے کے بعد بیمار ہو گئے۔ اہل خانہ انہیں ہسپتال لے گئے جہاں پر ان کا کرونا کا ٹیسٹ پوزیٹو آنے پر کرونا سنٹر گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد منتقل کر دیا گیا۔ بعدازاں ان کی فیملی کے پندرہ ممبران کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے جس میں ان کے ایک بیٹے محمد خبیب اس کی اہلیہ‘ دو بیٹے 12سالہ احمد یوسف ‘8سالہ سعید احمد‘ 2سالہ بیٹی حفضہ کے کرونا ٹیسٹ پوزیٹو آئے۔ ان پانچوں کو بھی کرونا سنٹر جنرل ہسپتال غلام محمد آباد منتقل کر دیا گیا۔ قبل ازیں کمال پورکا رہائشی محمد ذیشان کرونا وائرس کا شکار ہوکر زندگی کی بازی ہا گیا تھا۔ علاوہ ازیں متوفی کے گھر کورنٹائن کر دیا گیا ہے‘ علاقے میں پولیس کا پہرہ لگا دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد کے مطابق پائلٹ گرائونڈ کے نزدیکی علاقوں میںکسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
فیصل آباد: تبلیغی جماعت مجلس شوریٰ کے رکن اور مقامی امیر مولانا صہیب رومی انتقال کرگئے‘ کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا
Apr 17, 2020