نیویارک(آن لائن + این این آئی)اقوام متحدہ نے وزیراعظم عمران خان کے قرضوں سے نجات کی اپیل کی حمایت کر دی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفین ڈوجرک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اپیل کی حمایت کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اہم حصہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیان سیکرٹری جنرل کے نظریے کے مطابق ہے اور سیکرٹری جنرل کا یقین ہے قرضوں میں نرمی کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اہم حصہ ہو گا۔سٹیفین ڈوجرک نے کہا دنیا کے محدود وسائل کو کرونا کے خلاف استعمال ہونا چاہیے جبکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جی 20 اجلاس میں قرضہ معافی سے متعلق موقف واضح کیا۔انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اور غریب ممالک محدود وسائل میں کرونا سے نبرد آزما ہیں۔ ترجمان انتونیو گوئٹرس نے کہا ضروری ہے غریب ممالک کے وسائل کرونا سے نمٹنے کیلئے استعمال ہوں۔ اسی لئے سود کے قرضوں میں ریلیف ہونا چاہئے اور قرضوں سے ریلیف کیلئے 2020ء میں سود کی معافی بھی شامل ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے واضح طورپر جی 20 ممالک کے ساتھ سود کی معافی کی بات کی۔