راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر کے جید و معروف مشائخ عظام نے مشترکہ طور پر کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی لائنز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عیدگاہ شریف راولپنڈی میں پیر طریقت، رہبر شریعت پیر نقیب الرحمن کی میزبانی میں ملک بھر کے پیروں و گدی نشینوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے بھی شرکت کی۔ تمام اکابرین نے کرونا وائرس کے باعث لاک ڈائون کے دوران حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور اس حوالے سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے حکومتی اقدامات کی حمایت پر سب مشائخ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت علماء کرام اور مشائخ عظام کی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔پیر حسان حبیب الرحمن نے بتایا ہے کہ پیر طریقت حضرت غلام قطب الدین سجادہ نشین گڑھی شریف ‘ آستانہ عالیہ چورہ شریف کے سجادہ نشین حضرت پیر سعادت علی شاہ‘ ڈاکٹر پیر ساجد الرحمن، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے شرکت کی۔ اسلامی نظریہ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بھی اجتماع میں شرکت کی۔ پیر حسان حبیب الرحمن نے کہا کہ جب بھی قوم پر مشکل وقت آتا ہے تو یہ مشائخ عظام رہنمائی کیلئے موجود ہوتے ہیں۔ اس وقت کرہ ارض پر دنیا کا ہر ملک اور قوم کرونا سے پریشان ہے۔ کرونا سے بے شمار انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اب تک کرونا کا علاج دریافت نہیں ہو سکا۔ اس کو غیر سنجیدگی سے لینا باعث ہلاکت ہو سکتا ہے۔ لہٰذا ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ریاست پاکستان کے طبی ماہرین جتنی احتیاطی تدابیر بیان کر رہے ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔ علماء و مشائخ کی بھی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور ان پر عمل کرنے کی تلقین کی جائے۔ دنیا بھر کی حکومتیں طبی ماہرین جتنی احتیاطی تدابیر بیان کر رہے ہیں ان پر عمل کرنا ہم پر ضروری ہے۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ہاتھ ملانے، گلے ملنے سے گریز کیا جائے۔ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلا جائے۔ تمام مشائخ کی طرف سے قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ حکومتی احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں۔حکومت جو بھی کرونا کے حوالے سے فیصلہ کرے گی اس کا احترام کریں گے۔ تمام مسالک کے اکابر سے جو فیصلہ کیا جائے اس میں سب کی رائے لی جائے۔ اللہ تعالیٰ سے سب کو دعا کرنی چاہئے کہ ہم سب کو ناگہانی آفت سے محفوظ فرمائے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ ایسے مواقع پر اہم کردار ادا کیا۔ انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ تمام مشائخ عظام کا شکریہ ادا کرتے ہیں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ تمام مشائخ عظام، عید گاہ کے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمن، پیر حسان حبیب الرحمن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پیر و گدی نشینوں کے لاکھوں ماننے والے ہیں۔ کرونا کے باعث دنیا اور پاکستان کو جو صورتحال درپیش ہے حکومت اقدامات اور پالیسی بنا رہی ہے۔ ملک کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی آگاہی کا پیغام سب کی طرف سے ملنا چاہئے۔