ملتان (سپورٹس ڈیسک) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاہے کہ حکومت فٹ بال اور فٹ بال فیڈرشن کے مسائل حل کرنے کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ فٹ بال اور کھلاڑیوں کو نقصان سے بچایاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے تمام گروپس مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے مسئلے کا مثبت حل نکالیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ عنقریب پی ایف ایف تنازعہ کے دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی بلا کر ان پر اس مسئلہ کو جلد از جلد مثبت طریقہ سے حل کرنے پر زور دیں گی۔اجلاس کے دوران پی ایف ایف کے سابق صدر سید اشفاق شاہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ جلد سے جلد پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل ایک غیر جانبدار نارملائزیشن کمیٹی قائم کی جائے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ فیفا جلد از جلد ایک ایسی غیر جانبدارنارملائزیشن کمیٹی قائم کریگی جس میں پی ایف ایف کے تمام گروپس کو نمائندگی دیکر الیکشن کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔