اسلام آباد(نیوزرپورٹر)کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔جمعہ کونیشنل پریس کلب کے باہر مظاہرین سے مشعال حسین ملک سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ایک روز میں سولہ سے زائد لوگوں کو شہید کیا گیا۔کشمیریوں کے گھروں کو اڑا کر ہندوستانی فوجی چھائونیاں بنا رہے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں واضح ہے کہ ہندوستان کشمیر میں دہشت گردی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا ہندوستان کو بلیک لسٹ کرانا چاہئے،میرواعظ کو رہا کرنے کا بھارتی فوج نے ڈرامہ کیا،یسین ملک تہاڑ کے ڈیتھ سیل میں ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ بزرگ رہنما سید علی گیلانی کو ٹارچر کیا جارہا ہے،9 لاکھ بھارتی فوج کے حصار میں کوئی کشمیری محفوظ نہیں،بھارتی فوج کشمیر میں مساجد شہید کر کے مندر تعمیر کر رہی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل ناممکن ہے،مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہوا تو جنگ اس خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام پر یس کلب کے سامنے مظاہرہ
Apr 17, 2021