پی ایس ایل میں بھی ہیتھ اسٹریک کی کارستانی کے اشارے

کراچی(یواین پی)تمام طرز کی کرکٹ میں آٹھ سالہ پابندی کے شکار سابق زمبابوین آل راؤنڈر اور کوچ ہیتھ اسٹریک کے متعلق پی ایس ایل میں بھی کارستانی کے اشارے ملے ہیں لیکن تحقیقات کے دوران کوئی نام سامنے نہ آنے پر معاملہ رفع دفع ہو گیا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایک بھارتی بکی دیپک اگروال نے ہیتھ اسٹریک کو دو ہزار اٹھارہ میں پی ایس ایل میں بھی رابطے تلاش کرنے کا ٹاسک دیا تھا تاکہ انہیں بدعنوانی کیلئے استعمال کیا جا سکے تاہم سابق زمبابوین کپتان کسی بھی حیثیت سے پی ایس ایل سے منسلک نہیں رہے لہٰذا ایسا ممکن نہیں ہو سکا مگر ان کی دیپک اگروال عرف ’’مسٹر ایکس‘‘ کے ساتھ ٹیکسٹ میسجز پر گفتگو نے انہیں آئی سی سی کے شکنجے میں پھنسا دیا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ برسوں کے دوران مختلف ممالک کی نجی لیگز میں بدعنوانی کے معاملات کی تحقیق کے دوران پی سی بی سے بھی پی ایس ایل کے حوالے سے چھان بین کی اجازت طلب کی تھی کیونکہ ڈومیسٹک لیگ ہونے کے ناطے پی ایس ایل آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی البتہ یہ معاملہ اس وجہ سے آگے نہیں بڑھ سکا کہ ہیتھ اسٹریک نے تحقیقات کے دوران کسی نام کا انکشاف نہیں کیا بلکہ اینٹی کرپشن کوڈ کی پانچ خلاف ورزیوں کا اعتراف کرتے ہوئے سزا کو بھی قبول کرلیا۔

ای پیپر دی نیشن