سوہاوہ ( نامہ نگار)رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے آمد کے ساتھ ہی پورے ملک کی طرح سوہاوہ شہر اور پوری تحصیل بھر میں بے ہنگم مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ۔ کم آمدنی والے روزہ دار وں کو خوب لوٹا جا رہا ہے۔ تحصیل صدر مقام کے نام نہاد سستا رمضان بازار بھی انتہائی مہنگا بازار ثابت ہو رہا ہے ۔ اس کے علاوہ سوہاوہ کے چاروں اطراف 30کلو میٹر تک موجود بازاروں میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے لیکن تحصیل انتظامیہ کی طرف سے کوئی خاطر خواہ سر گرمی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے ۔ سبزی ، فروٹ ، گوشت کی قیمتیںبپھرے ہاتھی کی طرح عوام کی طرح عوام کو روند رہی ہیں۔ خصوصاً سوہاوہ چکوال روڈ کی طرف تحصیل سوہاوہ کی حدود کے اندر دور دراز کے علاقوں کے دوکانداران کا قبلہ سخت انداز میں درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ تحصیل سوہاوہ صدر مقام سے بشمول دور دراز کے علاقوں کے عوامی سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر تحصیل سوہاوہ محترمہ ماریہ جاوید اور ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم سے مطالبہ کیا ہے سوہاوہ شہر کے ساتھ ساتھ دور دراز کے علاقوں کے دوکانداروں کے نرخ خفیہ طریقے سے چیک کرنے کا میکن ازم اختیار کیا جائے کم آمدنی اور غریب روزہ دار عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کے خلاف واقعی انضباطی کاروائی عمل لائی جائے ۔