رمضان کا پہلا جمعہ یوم توبہ و استغفارکے طور پر منایا گیا‘ مساجد میں رش 

Apr 17, 2021

اسلام آباد+ لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر جمعہ کو کرونا سے نجات کیلئے یوم توبہ و استغفارکے طور پر منایا گیا۔ یوم توبہ و استغفار منانے کا مقصد دعا و استغفارکے ذریعے کرونا وبا سے نجات حاصل کرنا تھا۔ علاوہ ازیں رمضان المبارک کے پہلے  جمعہ  پر مساجد میں بھرپور رونق رہی۔ بڑی تعداد میں نمازیوں نے ایس او پیزکی پابندی کرتے ہوئے جمعہ کے اجتماعات میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ کرونا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علماء کرام نے جمعہ کے خطبات میں رمضان المبارک کے فضائل  پر روشنی ڈالی۔ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ پر حرم پاک مکہ مکرمہ میں بھی ایس او پیزکی پابندی کرتے  ہوئے نماز جمعہ ادا کی گئی۔ لاہور پولیس کی طرف سے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔ سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر جمعۃ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں قائم مساجد اور امام بارگاہوں سمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہرکے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری رہے جن میں ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس، سکیورٹی اداروں اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ سرچ آپریشنز کے دوران بائیومیٹرک اور جدید اینڈرائیڈ سیٹ کے ذریعہ تمام مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔

مزیدخبریں