بھارت کیساتھ مذاکرات میں تیسرے فریق کو ثالثی کرنا ہوگا: پاکستان

Apr 17, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار+ضمیرعلی ڈیتھو)  دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں تیسرے فریق کی ثالثی درست ہوگی اور بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے بھارت کو مناسب ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض فوج نے مزید سات کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ پاکستان بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے۔ عالمی برادری کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے۔ ہفتہ وار بریفنگ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے کو 600 سے زائد دن ہو گئے ہیں۔ عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنائے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات چیت کا تعلق ہے تو دونوں ممالک کے درمیان رابطے جنگوں میں بھی رہتے ہیں، پاکستان کبھی بھارت سے مذاکرات سے نہیں ہچکچایا، جموں وکشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ دونوں ممالک جموں وکشمیر مسئلہ کے عالمی قوانین کے مطابق حل کے لئے مثبت بات کریں۔ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے بھارت کو مناسب ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اس حوالے سے تیسرے فریق کی ثالثی درست ہوگی۔ پاک بھارت بات چیت جب بھی ہوئی، اس کا مرکزی موضوع جموں وکشمیر تنازعہ کا حل ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا‘ کسی بھی نئی مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم عمران کو فون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات چیت کی۔  پاکستان  نے سعودی عرب کے شہر جیزان  پر میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  ہے کہ 14 اور 15  اپریل کو حوثیوں کے  جیزان شہر کی طرف شروع کئے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کے وزیر اعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت میرزیوئیف کے مابین پہلا ورچوئل اجلاس 14 اپریل 2021 کو ہوا۔ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے علاوہ ، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات، سلامتی اور دفاع، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تجارت اور معیشت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر دونوں فریقین نے تبادلہ خیال کیا۔ ٹرانس افغان ریلوے لائن منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کہنا تھا کے وزیر اعظم عمران خان کو گذشتہ روز ترکی کے صدر طیب اردگان کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان ہندوستان سمیت دنیا بھر سے سکھوں کو ان کے مذہبی مقامات کا دورہ کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ فرانس سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کے مجھے یقین ہے کہ آپ نے اس معاملے پر وزیر داخلہ اور وزیر مذہبی امور کے بیانات دیکھے ہوں گے۔ میرے پاس اس میں اضافہ کرنے کے لئے اور کچھ نہیں ہے۔ جہاں تک فرانسیسی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ مشورے کی بات ہے تو، یہ صورت حال کے اپنے جائزہ پر مبنی ہے۔ پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جس نے مستقل طور پر اپنا موقف برقرار رکھا ہے کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

مزیدخبریں