راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتال راولپنڈی اور سی ایم ایچ میں مذہبی تنظیم کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی عیادت کی۔ وزیر داخلہ نے رینجرز کے جوانوں اور پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے ان کے پیشہ ورانہ امور پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کے حوالے سے بہت زبردست کام کیا۔ امن و امان بحال رکھنے پر پولیس اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہت ہمت اور بہادری دکھائی اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی متشددانہ کارروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔