لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) آئی جی پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان کے حکم پر پنجاب اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخابات کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات یقینی بنائے گئے۔ لاہور پولیس کے 6 ایس پیز، 11 ڈی ایس پیز، 19 ایس ایچ اوز اور 2200 سے زائد جوانوں و افسران نے سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دی۔آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی تھی کہ عدالت کے حکم پر من و عن عمل کرتے ہوئے اہم اجلاس کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے تمام انتظامات کی نگرانی کریں۔ اسمبلی کے اردگرد اینٹی رائٹ فورس، کمانڈوز، ایلیٹ، پیرو، لیڈی اہلکار اور سپیشل برانچ کے اہلکاروں نے بھی فرائض سر انجام دئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا پنجاب اسمبلی لے جایا گیا جبکہ پنجاب اسمبلی کے گرد مقرر کردہ حدود میں دفعہ 144 نافذ رہی۔ دریں اثناء ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کئے گئے۔ پنجاب اسمبلی کو جانے والے راستے بند کر دئیے گئے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ بیڈن روڈ، لکشمی چوک، ہال روڈ، کوپر روڈ و دیگر علاقوں میں ہوٹلوں، دکانوں کی مکمل چیکنگ کی گئی اور رہائشی افراد کا مکمل ڈیٹا چیک کیا گیا۔