عام انتخابات، پیپلزپارٹی نے ٹکٹ کیلئے درخواستیں مانگ لیں

Apr 17, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی نے عام انتخابات میں شرکت کے خواہش مند امیدواروں کیلئے درخواستیں طلب کرلیں، عام انتخابات میں شرکت کے خواہش مند امیدوار 30 اپریل تک اپنی درخواستیں پی پی پی کے اسلام آباد سیکرٹریٹ یا بلاول ہاؤس کراچی میں جمع کراسکتے ہیں، قومی اسمبلی کیلئے 40 ہزار اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑنے کیلئے 30 ہزار روپے کا بنک ڈرافٹ ساتھ لگانا ہو گا۔ علاوہ ازیں  بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز، سی ای سی ممبران اور بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے ڈویژنل صدور کو ان صوبوں میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی تجاویز پارٹی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ صوبائی پارٹی چیپٹرز کے ذریعے دیئے جاتے ہیں اور پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ صوبائی چیپٹرز پارٹی ٹکٹ جاری کرتے رہیں گے اور اس سلسلے میں الیکشن کمشن سے باضابطہ رابطہ بھی کیا گیا ہے۔ پنجاب کے 17 اضلاع میں 29 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں