کراچی (نوائے وقت رپورٹ) معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی مرحوم کی بیوہ، ایدھی ٹرسٹ کی چیئرپرسن بلقیس ایدھی کو سرکاری اعزازت کے ساتھ میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وہ گزشتہ روز چوہتر برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ انسان دوست، ہزاروں لاوارث بچوں کی ممی، مختلف ناموں سے پہچانی جانے والی سماجی رہنما بلقیس ایدھی کو رمضان سے دو روز قبل دل کا دورہ پڑا جس کے بعد ان کی طبیعت مسلسل خراب تھی۔ انتقال پر سندھ حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ مرحومہ کی نماز جنازہ کراچی کی نیومیمن مسجد کھارادر میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کابینہ اراکین کے ہمراہ شریک ہوئے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت، کمشنر کراچی اقبال میمن، آئی جی سندھ مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، پولیس افسران، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد پولیس کے دستے نے مرحومہ بلقیس ایدھی کو سلامی دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بلقیس ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر شوبز ستاروں کرکٹرز اور دیگر سیاسی شخصیات نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ بلقیس ایدھی کو 2015 میں مدر ٹریسا انٹرنیشنل ایوارڈ سمیت دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔ بلقیس ایدھی کو شاندار سماجی خدمات پر ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا ، انہیں روسی حکومت کی طرف سے لینن پیس پرائزبھی ملا۔ مرحومہ کی تدفین سرکاری اعزازات کے ساتھ میوہ شاہ قبرستان میں کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ کراچی میں ان کے ہمراہ خاتون اؤل تہمینہ درانی بھی ساتھ تھیں اور انہوں نے نجی ہسپتال میں بلقیس ایدھی سے ملاقات بھی کی تھی بعد ازاں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ بلقیس اپنے مرحوم شوہر ایدھی صاحب کیلئے روئیں اور میری آنکھوں میں بلقیس کیلئے آنسو آئے ان کی طبیعت بہت خراب ہے۔
بلقیس ایدھی سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک، سندھ میں ایک روز سوگ کا اعلان
Apr 17, 2022