اسلام آباد(وقائع نگار) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پشاور موڑ تا نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اورنج لائن میٹرو بس سروس منصوبے پر ٹرائل رن شروع کردیا گیا ہے۔ سی ڈی اے، این ایچ اے، آئی سی ٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے اسلام آباد اورنج لائن میٹرو بس منصوبے کا دورہ کیا اور آزمائشی سفر کا جائزہ لیا۔ آزمائشی سفر میں بسوں کی سپیڈ، اسٹیشنز پر رکنا، مسافروں کا اترنا، چڑھنا سمیت دیگر چیزوں کا جائزہ لیا گیا۔ آزمائشی سفر کا یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا جسکے بعد وزیراعظم پاکستان اسکا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹرو بس سروس پر تیس جدید بسیں چلائی جائیں گی جو رش کے اوقات میں ہر پانچ منٹ بعد جبکہ رش کے بغیر والے اوقات میں ہر آٹھ سے دس منٹ بعد چلائی جائیں گی۔