پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا حملہ امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، ذیشان نقوی 

Apr 17, 2022


 اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے رہنما و سابق ڈپٹی میئر اسلام آبادذیشان نقوی  نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا پاک فوج کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے واقعات امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، تاہم حکومت اور سیکورٹی فورسز متحد ہو کر دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، ایسے واقعات سے پاکستانیوں کے حوصلے ہر گز متزلزل نہیں ہونگے،حکومت دہشت گردی جڑ سے ختم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے،دہشت گردوں نے ملک میں ایک بارپھر سراٹھایاہے جنہیں معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی،سیاسی و عسکری قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری یہ جنگ جیت کر ہی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات ملک کو غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی سازشوں کا حصہ ہیں، بیرونی قوتوںکو امن و امان کی صورتحال برداشت نہیںہو رہی،ہمیں صبرو استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے،یہ قوم قربانیاں پیش کرنے والی ہے حوصلے ہارنے والی نہیں،ہمیں دشمن کوخوش ہونے کاموقع نہیں دینابلکہ اپنے عزم و استقامت سے بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
مسلم لیگی رہنما زیشان نقوی نے مزیدکہاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی ہے اور اس کے خاتمہ کیلئے حکومت اور مسلح افواج عوامی امنگوں کے مطابق کام کررہی ہیں، وزیراعظم میاں شہبازشریف ملک وقوم کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات بروئے کارلا رہے ہیں۔

مزیدخبریں