موجودہ دور میں بابر اعظم سب سے بہترین بیٹر ہیں : شعیب اختر

Apr 17, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر نے کہا ہے کہ مجھے بالی ووڈ سے آفر آئی تھی، مجھے گینگسٹر فلم میں عمران ہاشمی کا کردار ادا کرنے کی آفر تھی، مجھے لگتا ہے کہ مجھے فلم کر لینی چاہیے تھی۔ ثقلین مشتاق کیریئر کے دنوں میں سب سے بہترین دوست تھے، ان کی پرسنالٹی بہت تنگ کرنے والی تھی، انہیں پیار سے بہت مارا ہے، وہ دنیا کے سب سے بہترین سپنر ثابت ہوئے۔ راہول ڈریوڈ کی کلکتہ1999 سے زیادہ ایڈمن گلکرسٹ کی 2002 ٹیسٹ میچ کی وکٹ سب سے پسندیدہ وکٹ ہے۔اگر میرے گھٹنے کا آپریشن اور تین ماہ کی ٹریننگ مک جائے تو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ سے گیند کروا سکتا ہوں۔ شاید آج بھی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے گیند کروا دوں، میں نے 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تیز گیند بازی کی ہے بلکہ 163 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تیز گیند بھی کروا چکا ہوں۔راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے کہاکہ آج کل فاسٹ بائولرز میں شعیب اختر والی بات نہیں، نہ وہ لمبے بال رکھتے ہیں اور نہ تیز گیند بازی کرتے ہیں، فاسٹ بائولرز سر پر گیند بھی نہیں مارتے، میرے خیال میں فاسٹ بائولرز کو بیٹرز کو زخمی کرنا چاہیے۔ بابر اعظم موجودہ دور میں سب سے بہترین بیٹر ہیں۔

مزیدخبریں