لاہور(سپورٹس ڈیسک ) سابق آسٹریلوی فاسٹ بائولر مچل جانسن نے ان کھلاڑیوں پر تنقید کی ہے جنہوں نے دورہ پاکستان پر آئی پی ایل کو ترجیچ دی۔ آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کپتان پیٹ کمنز کے بارے میں بات کرتے ہوئے جنہوں نے آئی پی ایل کیلئے پاکستان میں وائٹ بال کی سیریز کو چھوڑ دیا تھا، مچل جانسن نے کہا کہ انھیں کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ پیٹ کمنز پاکستان میں آسٹریلیا کیلئے بجائے آئی پی ایل فرنچائز کے لیے کیوں کھیل رہے ہیں۔مجھے ایک اچھی وجہ بتائیں کہ پیٹ کمن پاکستان میں آسٹریلیا کیلئے کھیلنے کے بجائے بھارت میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیلئے کیوں کھیل رہے تھے؟ ٹھیک ہے اس کی 10 لاکھ سے زیادہ وجوہات ہیں لیکن اس سے یہ کام درست ثابت نہیں ہوتا۔کمنز نے کینگروز کو پاکستان کے خلاف ایک تاریخی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے فتح دلائی لیکن آئی پی ایل کیلئے بقیہ سیریز کو چھوڑ دیا جہاں انہوں نے 2022ء کے ایڈیشن کے پہلے میچ میں 15 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے کچھ آسٹریلوی سٹار کرکٹرز سے کہا تھا کہ وہ 5 اپریل تک آئی پی ایل میں شامل نہ ہوں جب پاکستان اور آسٹریلیا نے اپنا آخری ٹی ٹونٹی کھیلا تھا لیکن ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز اور بہت سے دوسرے جیسے کھلاڑی وائٹ بال سیریز سے پہلے ہی چلے گئے تھے۔ مچل جانسن نے مزید کہا کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کو بدھ تک آئی پی ایل کھیلنے کیلئے روک دیا تھا جبکہ اس کے پچھلے ہی دن پاکستان کیخلاف لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ تھا؟ یہ کس کیساتھ مذاق کیا جا رہا ہے اتنا بچکانہ سا بہانہ دے کر؟ وقت آگیا ہے کہ تمام سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کیلئے ایک قاعدہ ہو اگر آپ آئی پی ایل میں کھیلنا چاہتے ہیں، تو آپ کو پہلے اپنے ملک کیلئے ہر ایک میچ کیلئے دستیاب ہونا پڑے گا۔