لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے تمام اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان اولمپکس ایسویس ایشن نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے تمام اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈوپنگ آگاہی کیلئے پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے تمام اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کوئی کھلاڑی ڈوپنگ کا شکار ہو اور نہ ہی ملک کی بدنامی ہو۔ ڈوپنگ کی آگاہی کیلئے 3 روزہ سیمینار کرایا جارہا ہے، جو 19 سے 21 اپریل تک ہوگا، جس میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بتایا جائیگا کہ کون کون سی اشیاء یا دوائی واڈا قوانین میں ممنوع ہیں۔ بتایا جائیگا کہ کن ادویات اور اشیاء کے استعمال سے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آسکتا ہے، جس کی آگاہی بہت ضروری ہے۔ اسی لئے کامن ویلتھ گیمز کیلئے جاری کیمپ میں بھی پی او اے کی میڈیکل ٹیم دورہ کرکے کھلاڑیوں کو اس حوالے سے آگاہی دے گی۔کامن ویلتھ گیمز 28جولائی سے انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوں گے، پاکستان 12سے زائد کھیلوں میں شرکت کریگا۔