کراچی (نیوز رپورٹر) حج کرانے کے نام پر فراڈ کیس میں ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت میں حج کرانے کے نام پر فراڈ کرنے کے معاملے پرایف آئی اے نے گرفتار ملزم غلام الدین اشرفی کو عدالت میں پیش کر دیا۔ایف آئی اے کے تفتیشی افسرنے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے تفتیشی افسر کی استدعا منظورکرتے ہوئے ملزم غلام الدین اشرفی کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کی۔تفتیشی افسر کا مف تھا کہ شہری نے وزیراعظم پورٹل پر شکایت کی تھی۔ مدعی مقدمہ نے کہا کہ 2019 میں ہم نے حج کرنے کیلئے ملزم سے بات کی تھی۔ ملزم نے ہم سے تمام رقم لے لی تھی۔مقدمے کے مدعی طاہر نے موقف اختیار کیا کہ حج کا وقت ختم ہوگیا لیکن ملزم ہمیں سعودیہ لے کرنہیں گیا۔مدعی مقدمہ نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ملزم نے صرف ایک لاکھ روپیہ واپس کیا۔ گرفتار ملزم غلام الدین اشرفی نے مکمل رقم بھی واپس نہیں کی اور فون بھی بند کر دیا۔
حج کے نام پرفراڈ