نیا ناظم آباد رمضان کرکٹ، عمرایسوسی ایٹس اور ارحم سی سی سیمی فائنل میں 

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) عمر ایسوسی ایٹس اور ارحم کرکٹ کلب کی ٹیمیں نیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ ریئل ٹائم پراپرٹی اور ایشل فیلکن ایسوسی ایٹ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں عمر ایسوسی ایٹس نے ریئل ٹائم پراپرٹی کو ستاون ?رنز سے شکست دی۔ عمر ایسوسی ایٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اٹھتر رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد بیالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔  سہیل اختر چوبیس ، اعظم خان چوبیس ، عمر اکمل اکیس  اور قاسم اکرم اکیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔  بدر الدین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ریئل ٹائم پراپرٹی کی ٹیم انیس ویں اوور میں ایک سو اکیس رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد نقاش نے بیالیس رنز اسکور کیے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان نے چار ، محمد اصغر نے تین ، فہیم اشرف نے دو اور قاسم اکرم نے ایک  وکٹ حاصل کی۔ میچ کے اختتام پرمہمان خصوصی سوئی سدرن گیس کے مینجنگ ڈائریکٹر عمران منیار نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ محمد عرفان کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر چیئر مین نیا ناظم آباد عارف حبیب، تاجر مجید عزیز، نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمران منیار کا کہنا تھا کہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایسے مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔  نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات شاندار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن  گیس مستقبل قریب  نیا ناظم آباد کے ساتھ مل کر کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کرے گا۔ دوسرے میچ میں کامران اکمل کی ٹیم ایشل فیلکن ، ارحم کرکٹ کلب سے چھ وکٹ سے ہار گئی۔ ایشل فیلکن ایسوسی ایٹ  کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوور میں ایک سو پچپن رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ کامران اکمل نے اکیاون گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے انہتر رنز کی اننگ کھیکلی۔ محمد وحید نے سینتیس رنز بنائے۔ باقی کوئی بلے باز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔ ولید عظیم نے تین اور شاہ زیب بھٹی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ارحم سی سی نے ہدف چار گیندوں قبل چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عمران شاہ نے پینسٹھ اور سلیمان سلیم نے اکیاون رنز بنائے۔  عماد بٹ، احمد دانیال اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...