افغان سرزمین سے کالعدم دہشتگرد پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار 17 اپریل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی افغانستان کے ساتھ متصل سرحد پر ہونے والے حالیہ واقعات پر سخت تشویش ہے۔ پاکستان نے افغانستان کی حکومت سے حالیہ چند ماہ کے دوران متعدد بار درخواست کی ہے کہ وہ اس بارڈر کو محفوظ بنائیں۔ کچھ عرصے سے افغانستان کی طرف سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستانی افواج کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان اور افغانستان مختلف اداروں کے ذریعے اپنی مشترک سرحد پر مؤثر تعاون اور سیکیورٹی کیلئے بات چیت کرتے رہے ہیں۔ بد قسمتی سے سرحدی علاقوں میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت کالعدم گروہ تسلسل کے ساتھ پاکستانی پوسٹوں پر حملے کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی سپاہی شہید ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن