سندھ کے عوام انتخابات کی تیاری کریں،زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے: عمران

Apr 17, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں، سندھ کے عوام کو زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے لاہور میں ملاقات کی، خرم شیر زمان نے عمران خان کو سیاسی ورکرز کی گرفتاریوں سے متعلق آگاہ کیا، ملاقات میں عمران خان کے متوقع دورہ سندھ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں، سندھ کے عوام کو زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے، سندھ میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں، پی ٹی آئی سندھ میں زرداری گروپ کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ووٹ کی طاقت سے سندھ میں زرداری مافیا کو شکست دے گی، امپورٹڈ حکومت نے انتقامی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹس کیلئے ممکنہ امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ گیارہویں روز میں داخل ہو گیا۔ گزشتہ روز پی پی 108 تک کے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کئے تھے‘ آج پی پی 109 سے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے انٹرویوز کریں گے۔ دریں اثناء عمران کے ساتھ  علمائے کرام اور مفتیان عظام پر مشتمل 35 رکنی وفد کی صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ زمان پارک میں ملاقات ہوئی۔  اس موقع پر عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی عمائدین کی خدمات و کردار کو نہایت قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انتہا پسندی اور فرقہ واریت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے علمائے کرام کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ مذہبی منافرت کے مؤثر تدارک کیلئے قرآن و سنت کی تعلیمات کا فروغ ہی واحد کلیہ ہے۔ علمائے کرام منبر و محراب جیسے مقدس منصب کو عدل و انصاف کے آفاقی اسلامی معیارات کی ترویج کیلئے بروئے کار لائیں۔ وفد نے چیئرمین تحریک انصاف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں