فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے پنجاب میں الیکشن 14 مئی کو نہیں ہوں گے، جتنا مرضی زور لگالیں الیکشن اسی سال مدت پوری ہونے پر ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ رہنے والوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، حلقے کے عوام نے ہر بار مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، پاکستان میں جمہوریت اتنی مضبوط نہیں کہ اپوزیشن کے حلقے میں کام ہوں، اپنے حلقے کے تمام مسائل حل کئے، اپنے حلقے میں نئے ہسپتال اور سکول کالجز بنائے۔وزیر داخلہ نے کہا ہمیں کمزور کرنے کیلئے 2018 میں حلقے کو تقسیم کر دیا گیا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو آٹا 35 روپے تھا، 2018 میں حکومت چھوڑی تو پٹرول 65 روپے لٹر تھا، نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی پر قابو پایا، فتنے کو ایک سازش کے تحت مسلط کیا گیا، ایک اوباش ٹولہ فتنے خان کے ساتھ تھا۔انہوں نے کہا ملک آگے بڑھ رہا تھا چار سال میں برباد کر دیا، عمران خان کہتا تھا خود کشی کر لوں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، انڈیا ایٹمی طاقت بنا تو اس نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں، نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود انڈیا کے 5 کے مقابلے 6 دھماکے کیے، ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو بھارت ہمیں کھا چکا ہوتا، عالمی پابندیوں کے بعد نواز شریف نے ملک کو مسائل سے نکالا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا 2013 میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، 2013 میں دہشت گردی عروج پر تھی، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے، عنقریب پستی کی طرف سفر رک جائے گا، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا ہے جلد خوشحالی آجائے گی، عمرانی ٹولہ نئی نسل کو گمراہ کر رہا ہے، کہتا تھا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، بتاؤ کہاں ہیں وہ نوکریاں؟انہوں نے مزید کہا کوپی پروگرام جو رات کو اپنے ہوش میں نہیں ہوتا کہاں ہیں؟ 50 لاکھ گھر جو انہوں نے بنانے تھے، اسٹیبلشمنٹ بھی کانوں کو ہاتھ لگا چکی ہے، اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے اتنا بے غیرت آدی ہم نے نہیں دیکھا، الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف پاکستان آجائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے سابق وزیراعظم عمران خان جتنا مرضی زور لگالیں، 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے، انتخابات مقررہ وقت پر اسی سال ہوں گے۔