پلوامہ حملہ: پاکستانی موقف کی تصدیق،دنیا بھارت کو جھوٹے بیانیہ پر جوابدہ ٹھہرائے: دفتر خارجہ

Apr 17, 2023

اسلام آباد (نامہ نگار‘ کے پی آئی) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ فروری 2019 ء کے پلوامہ حملے کے بارے میں بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشافات نے ایک بار پھر پاکستان کے موقف کی تصدیق کر دی ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ستیہ پال ملک کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح بھارتی قیادت عادتاً پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا شور مچا کر اپنے شرمناک بیانیے اور ہندوتوا کے ایجنڈے کو ملکی سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے اور سیاسی مفادات اور جھوٹ اور فریب پر مبنی پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈا مہم کو دیکھیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے بھارت کے جھوٹے بیانیے کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرتا رہے گا اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔

مزیدخبریں