کوئٹہ: (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں ٹریفک حادثے کے دوران 7 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔لیویز پولیس کے مطابق کوئٹہ سے عید کی چھٹیاں منانے اپنے گھر ضلع لسبیلہ جانے والے زیر تربیت پولیس اہلکاروں کی گاڑی وڈھ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرا گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکاروں کی نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال وڈھ منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقہ ضلع لسبیلہ روانہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وڈھ کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں 7 زیر تربیت پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے ہر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سوگوار خاندانوں سے تعزیت ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، انہوں نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کو فوری امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت اور سوگواروں کو صبر جمیل عطا کرے، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔