لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رو¿یت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ بادشاہی مسجد لاہور میں صوبائی محفل شبینہ کا آغاز ہو گیا ہے۔ صوبائی محفل شبینہ رمضان المبارک کی 26ویں شب سے 29ویں شب تک جاری رہے گی، اس صوبائی محفل شبینہ میں ملک بھر سے ممتاز قراءکرام حصہ لے رہے ہیں، بادشاہی مسجد میں ختم القرآن کی تقریب 27ویں شب رات 9بجے ہوگی، ستائیسویں شب کی اجتماعی دعا رات 1:15بجے ہوگی۔ ختم القرآن کی تقریب کے مہمانان خصوصی نگران صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی ناصر، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ہوں گے۔ صوبائی محفل شبینہ میں تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کرنے والے قراءکرام کے اسمائے گرامی یہ ہیں۔ قاری حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد، قاری میاں ذولفقار احمد و دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام صوبائی محفل شبینہ اور اجتماعی دعا میں شرکت کرکے ثواب دارین حاصل کریں اور تلاوت قرآن سن کر دلوں کو محظوظ کریں۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی جائے گی۔