سیالکوٹ(اے پی پی) ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ عدنان محموداعوان نے کہا ہے کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ و سرجیکل سٹی کے قیام کیلئے زمین ایکوائر کرلی گئی ہے۔ایوان صنعت و تجارت کے دورہ کے موقع پر صدر ایوان صنعت و تجارت عبدالغفور ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسمال انڈسٹریل سٹیٹ اور سرجیکل سٹی کے قیام کیلئے زمین ایکوائر کرلی گئی ہے اور گندم کی کٹائی کے فورا بعد سرجیکل سٹی کیلئے ایکوائر کیاگیا رقبہ پنجاب سمال انڈسٹریل سٹیٹس کارپوریشن کے سپرد کردیا جائے گا۔ شہر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ان منصوبہ جات کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد رضا، چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ مسعور اختر خواجہ، سابق صدور چیمبر آف کامرس ، سابق مئیر چودھری توحید اختر ،رانا ندیم اور عبدالواہاب میر کے علاوہ دیگرممبران بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے مزید کہا کہ سمبڑیال ڈرائی پورٹ چوک تا ایئرپورٹ تک روڈ کے منصوبہ کیلئے فنڈز کا اجرا ہوچکا ہے، پہلے مرحلے میں ایک لین مکمل کرکے ٹریفک چلادی جائے گی ، روڈ کی تکمیل کے بعد سٹریٹ لائٹس کو بھی بحال کردیاجائے گا۔ انہوں بتایاکہ 35ملین روپے کی لاگت سے شہر کی سڑکوں پر پیچ ورک اگلے چھ سے آٹھ ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ پسرور روڈ اور وزیر آباد روڈ کیلئے مطلوبہ فنڈز کیلئے حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ چوک علامہ اقبال میں 2015 میں تعمیر کی جانے والی دیوار سیالکوٹ کی تزئین وآرائش کیلئے اسی آرکیٹکٹ کو ہائر کرلیا گیا جو کام کی مہارت رکھتا ہے۔اسی طرح شہرکے اہم چوکوں کی کی ری ماڈلنگ کیلئے ایسے منصوبوں کو ہی این او سی دیا جائے گا جو ٹریفک میں رکاوٹ نہ بنے اور خوبصورت ہونے کے علاوہ پائیدار بھی ہوں۔ سیالکوٹ میں گراں فروشوں کے خلاف پرائس مجسٹریٹس کو پوری طرح متحرک کردیا گیا ہے رواں ماہ کے دوران 20لاکھ روپے جرمانے کئے جاچکے ہیں جبکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف مقدمات اور دکانوں کوسربمہر کرنے میں بھی ضلع سیالکوٹ پرفارمنس کے اعتبار سے صوبے میں پہلے 3نمبرز میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی مہم جاری ہے۔