لاہور (کامرس رپورٹر) ایف بی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے کیونکہ سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ کیے بغیر ملک میں معاشی ترقی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیاف آفس لاہور میں اکنامک رپورٹرز کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ملک میں معیشت کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے اور اب سیاسی جماعتوں کو سیاست کی بجائے صرف معیشت پر توجہ دینا ہو گی۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک ملک بھارت ،سری لنکا، بنگلہ دیش ہم سے بہت آگے نکل گئے۔ ہمارے ہاں بجلی گیس پٹرولیم مصنوعات بینکوں کی ہوشربا شرح سود نے صنعت کار کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ آئی ایم ایف سے چھٹکارے کے کیلئے ہم سب کو ایک پیج پر ہونا ہوگا۔ پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ(پیاف) کے چیئرمین فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ میڈیا کی موجودہ دور میں جتنی اہمیت بڑھ گئی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور معاشی استحکام اور بہتری کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر 5 تعطیلات پر حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور 3 تعطیلات عید الفطر پر کافی ہیں جس پرحکومت کو 5 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ملکی معیشت زیادہ تعطیلات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ہم میثاق جمہوریت کے ساتھ میثاق معیشت چاہتے ہیں۔ ایف بی آر میں اصلاحات ضروری ہیں۔ اس سے ٹیکس دینے اور لینے والے میں اعتماد کا رشتہ مضبوط ہوگا۔پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت سے مہنگائی کا سیلاب آ چکا ہے جو غریبوں کو بہا کر لے جا ے گا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے تاجر اور عوام دونوں پریشان ہیں۔تقریب سے سابق صدر ایف پی سی سی آئی، پیٹرن انچیف پیاف میاں انجم نثار،سابق صدر لاہور چیمبر میاں محمد علی اور میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر ظفر محمود نے بھی خطاب کیا۔
معاشی استحکام کیلئے سیاسی سیاسی استحکام ضروری ، سود نے کمر توڑ دی : عرفان اقبال
Apr 17, 2023