رمضان کریم کی بہاریں

Apr 17, 2023

قاضی عبدالرؤف معینی

قاضی عبدالروف معینی:فیض عالم 
ماہ مقدس رمضان کریم اپنی تمام تر برکتوں اور رحمتوں کے ساتھ الوداع ہونے کو ہے۔رحمت ، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مقدس مہینہ صرف چند دن کا مہمان ہے۔
قلب عاشق ہوا پارہ پارہ 
الوداع ،الوداع ماہ رمضان 
تیرے آنے سے دل خوش ہوا تھا
ذوق عبادت بڑھا تھا
آہ اب دل پہ ہے غم کا غلبہ 
 الوداع ، الوداع ماہ رمضان 
خوش نصیب ہیں وہ خواتین و حضرات جنہوں نے پورے اہتمام کے ساتھ روزے رکھے ، عبادات کیں ، قرآن پاک کی سماعت سے قلوب و اذہان کو منور کیا اور اپنی بخشش کا سامان کر لیا۔الحمد للہ امسال بھی دنیا بھر میں رمضان کی بہاریں عروج پر رہیں۔
ماہ مبارک سخاوت کا مہینہ ہے۔دیگر فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ ملک عزیز میں مخیر حضرات کی طرف سے کونے کونے میں عوام کے لیے روزانہ کی بنیاد پر دعوت افطار اور سحر کا اہتمام دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا۔یہی اہتمام اسلامی تعلیم کا حسن اور انفرادیت ہے۔اس حوالے سے بڑے فلاحی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کی انفرادی کاوشیں بھی دیکھنے کو ملیں۔ گلی محلوں ، بازاروں ، مساجد ، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر کثرت کے ساتھ افطار کا اہتمام اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں درد دل رکھنے والے موجود ہیں۔اسی معاشرہ میں تاجروں کا ایک بڑا گروہ جب ناجائز منافع خوری سے اپنی تجوریاں بھر رہا تھاوہیں پر بہت سے نیک دل اور نیک سیرت افراد اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنے خزانوںکے منہ کھولے ہوئے نظر آتے ہیں۔اپنا مال اللہ کی مخلوق پر خوشی سے خر چ کر رہے ہیں۔حق بات تو یہی ہے کہ دنیا ان نیک لوگوں کی وجہ سے ہی عذاب سے بچی ہوئی ہے.
دیگر فلاحی اداروں کی طرح المصطفیٰ ٹرسٹ کا افطار دسترخوان بھی ایک عمدہ کاوش ہے۔ٹرسٹ کی روح رواں جناب نواز کھرل صاحب کی دعوت پرایک افطار کی سعادت حاصل ہوئی۔جس عمدگی اور معیار کے ساتھ لنگر تقسیم ہواقابل تحسین ہے۔ہر روز سینکڑوں افراد اس دسترخوان سے باعزت ماحول میں مستفیض ہوتے ہیں۔ چونکہ اس افطار دسترخوان کی نسبت کریم آقا? سے ہے اس لیے ایک روحانی محفل کی کیفیت دیکھنے کو ملی۔اس دستر خوان کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ہر روز اہل علم و دانش حضرات بھی عوام کے ساتھ شامل ہوتے ہیں اور حکمت و دانش سے لبریز بیانات سے بھی عوام کو مستفیض فرماتے ہیں۔اس دسترخوان کی منتظمہ محترمہ نصرت صاحبہ کی موجودگی کی وجہ سے ایک گھریلو ماحول کا احساس ہوتا ہے۔اس دسترخوان کی انفرادیت یہ بھی ہے کہ یہاں خواتین کے لیے با پردہ الگ ہال میں افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ شہر کے مختلف عوامی مقامات پر افطار باکس تقسیم کیے جارہے ہیں۔’’ مخلوق سے بھلائی، خالق تک رسائی ‘‘ کا نعرہ لیے المصطفیٰ ٹرسٹ دنیا کے مختلف ممالک میں خدمت خلق کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔دعا ہے کہ اللہ پاک اس ٹرسٹ کے منتظمین اور معاونین کو دنیا اور آخرت میں سر خرو فرمائے۔
اکیس رمضان المبارک کو یوم شہادت امیر المومنین حضرت سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر سبزہ زار لاہور میں ایک عظیم الشان محفل اور وسیع دعوت افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔امسال بھی یہ محفل ماہر تعلیم ، معروف روحانی و سماجی شخصیت پروفیسر صاحبزادہ محبوب حسین صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی معروف دانشور، صحافی اور کالم نگار جناب سعید آسی صاحب تھے۔تلاوت و نعت کی سعادت بالترتیب قاری حق نوازصاحب اور قاری جاوید اقبال صاحب نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض جناب زید حسن صاحب نے اد کیے۔مقررین پروفیسر محمد نصراللہ معینی صاحب ، جناب محمد انور گوندل صاحب اور راقم السطور نے آپ رضی اللہ عنہ کی سیرت ، اخلاق اور تعلیمات کے حوالے سے گفتگو کی۔ محفل کے میزبان جناب وسیم اکرم چشتی صاحب تھے۔
ضلع سرگودھا کی تحصیل شاہ پور میں دریائے جہلم کے کنارے آباد ایک دور افتادہ بستی بیربل شریف میں قائم ادارہ معین الاسلام میں رمضان المبار ک کی پچیسویں روزہ کی محفل اور دعوت افطار بھی ایک یادگار تھی۔اس پروگرام میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ تلاوت کلام پاک۔ نعت اور خطابات اور پر تکلف دعوت افطار نے ایک سماں باندھ دیا۔
دعا ہے کہ اللہ پاک ہر سال رمضان کریم کی برکات سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے اور تحفہ رمضان مملکت خداداد پاکستان کو استحکام عطا فرمائے اور

خدا کرے میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو
یہاں جو پھول کھلے ، کھلا رہے برسوں
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو
خدا کرے میرے اک بھی ہم وطن کے لیے
حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو

مزیدخبریں