لاہور(نیوز رپورٹر) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مولانا عبدالشکور کا انتقال پوری قوم کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ مفتی عبد الشکور نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ بالخصوص حج انتظامات کی بہتری اور شفافیت کیلئے مفتی عبدالشکور مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مفتی عبدالشکور درویش منش آدمی تھے جنہوں نے اپنی وزارت میں میرٹ کو یقینی بنایا۔ ابراہیم مراد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔دریں اثناء ابراہیم مراد نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں شہید ہونے والے 3 فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران شہید لانس نائیک شعیب علی اور شہید سپاہی رفیع اللہ اور خیبر ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے شہید ہونے والے نائب صوبیدار حضرت گل کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ شہید جوانوں نے اپنی جانیں دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔پوری پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ نگران وزیر بلدیات نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ابراہیم مراد کا مفتی عبدالشکور کے انتقال پر تعزیت،3فوجی جوانوں کو خراج عقیدت
Apr 17, 2023