لاہور(نیوز رپورٹر)شہریوں کی سہولت کیلئے پی آئی ٹی بی اور بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سے وضع کردہ ای سٹیمپنگ سسٹم کے تحت صوبہ پنجاب‘ سندھ اور خیبرپی کے میں اب تک تقریباً 320 ارب روپے سے زائد ریونیو اکٹھا ہو چکا ہے جبکہ اب تک 1 کروڑ 61 لاکھ سے زائد ای سٹامپ پیپرز جاری کیے جا چکے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرِ صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف و دیگر شریک ہوئے۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ ای سٹیمپنگ کی بدولت ریونیو میں اضافے کیساتھ ساتھ فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک جاری کردہ ڈیڑھ کروڑ سٹامپ پیپرز کے ذریعے 308 ارب‘ سندھ میں 4 لاکھ سٹامپ پیپرز سے 10 ارب جبکہ خیبرپی کے میں 5 ہزار سٹامپ پیپرز جاری کرکے حکومت کو 24 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہواہے۔