کراچی(این این آئی)کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ ناظم آباد ٹائون سیوریج کے ایگزیکٹیوانجینئرظفرملک نے ماہ رمضان المبارک میں رات کے اوقات میں مجاہد کالونی میں ہونے والے سیوریج کے کاموں کی نگرانی کے دوران علاقہ معززین کی ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ ناظم آباد زون سیوریج کی متحرک ٹیم سیوریج کے مسائل کے خاتمے کے لئے شب وروز مصروف عمل ہے اور ہر ممکنہ کوشش کرتی ہے کہ شہریوں کو درپیش مسائل جلد ازجلد حل کرے۔ انہوں نے کہاکہ ادارے کے سی ای او سید صلاح الدین اور سی سی او اسداللہ خان کی جانب سے ادارے میں اصلاحات کے ثمرات جلد ٹائون کی سطح پر مرتب ہوں گے اور لوگوں کو مزید بہتر فراہمی ونکاسی ء آب کی سہولتیں میسرآئیں گی۔انہوں نے کہاکہ واٹراینڈسیوریج بورڈ کا عملہ بغیر کسی اضافی اجرت کے اپنے دفتری اوقات سے زیادہ بڑھ کرکام کررہاہے اور شب وروز شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔ ان کاکہناتھاکہ میں اور میری ٹیم ناظم آباد کو صاف ستھراماحول فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں، عوام کا تعاون جاری رہے تو بہت جلد ناظم آباد ٹائون کو نیٹ اینڈکلین علاقہ بنادیں گے۔