کراچی(کامرس رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے 25 ویں سحری گلشن معمار میں کی، علاقہ کے مکینوں نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا، ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گلشن معمار آنے کی خواہش تھی جیسے ہی موقع ملا یہاں حاضر ہوں، گلشن معمار کے عوام کے درمیان آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خصوصاً غریب اور متوسط طبقہ کی آبادیوں میں جارہا ہوں، اس کا مقصد وہاں کے مکینوں کے مسائل سے ذاتی طور پرآگاہی حاصل کرنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو 7ویں مردم و خانہ شماری کے لئے نادرا کے ریکارڈ سے مدد لینے کی تجویز دی ہے اور مجھے امید ہے کہ ایسا کرنے سے کراچی کی درست مردم و خانہ شماری ہوگی۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ افطار میں لوگ اپنے مسائل لے کر آتے ہیں، میرے ایک فون یا خط سے کسی کا کام ہوجا تا ہے تو میں ایسا کرنے کے لئے تیار ہوں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کے درمیان جانے سے ملنے والی مسرت ہر چیز پر غالب ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مسائل سامنے آنے سے ہی ان کے حل کی سبیل نکالی جاسکتی ہے، پانی، بجلی ، گیس کا پورے ہی شہر میں مسئلہ ہے، انہوں نے کہا کہ گلشن معمار میں باقی رہ جانے والے سیکٹرز میں گیس کنکشن کے لئے بات کروں گا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام کے درمیان جانے سے کوئی خوف محسوس نہیں ہوتا، ان کا اعتماد مجھے دن و رات کام کرنے پر راغب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام گورنر ہائوس آئیں ، اب کسی کو بھی مہندی چوڑیوں پر اعتراض نہیں ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کسی بھی مسئلہ کے لئے 1366 پر فون کرسکتے ہیں، میرے سوشل میڈیا اکائونٹس پر بھی مسائل کی نشاندہی کی جاسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو اب سمجھ آتی جارہی ہے کہ عوام میں جانا کیوں ضروری ہے، کیونکہ عوام حکمرانوں کو اپنے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں، تاکہ انہیں مسائل بتا سکیں۔