نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے پنجاب بھر کے شہریوں کی سہولت کیلئے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی ہیلپ لائن 1233 کا افتتاح کر دیا۔سی ای او عبدالطیف خان کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن شہریوں کو پنجاب بھر کی 121 مویشی منڈیوں، منڈیوں کے اوقات، سہولیات اور شکایات سے متعلق راہنمائی فراہم کرے گی۔
ہیلپ لائن پنجاب آئی ٹی بورڈ اور کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے اشتراک سے وضع کی گئی ہے۔
ارفع ٹاور میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری بلدیات پنجاب ارشاد احمد اور سی ای او پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی عبدالطیف خان ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف، ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف اور ڈائریکٹر علی زیب بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے کہا کہ ہیلپ لائن کے قیام کا مقصد خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانا، عوام کی طرف سے درپیش مسائل اور درج کردہ شکایات کا فوری ازالہ ہے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ پی آئی ٹی بی سٹیزن کانٹینٹ سٹر کا عملہ شہریوں کی راہنمائی کیلئے 24/7 دستیاب ہو گا۔