عید کے بعد کھانے میں اعتدال سے کام لیں

Apr 17, 2024

میگزین رپورٹ
رمضان المبارک کے 30 روزے رکھنے والے افراد کا معدہ خالی رہنے کا عادی ہوجاتا ہے یوں عید آنے پر جب پیٹ بھر کھانا کھایا جائے تو یک دم بد ہضمی کے مسائل ابھر آتے ہیں۔ لاہور جنرل ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر محمد مقصود اور گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے شہریوں کو "سادہ غذا صحت کیلئے بہتر " کے موضوع پر احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد فوری طور پر سخت غذاؤں کا استعمال نہ کیا جائے کیونکہ ایک ماہ روزے رکھنے کے بعد انسانی معدہ نرم ہو جاتا ہے لہذا اچانک معدہ پر بوجھ نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ مرغن غذاؤں، تیز مرچ اور مصالحہ دار کھانوں سے پرہیز کیا جائے۔ عید کی خوشی مناتے ہوئے ہمیں کھانے میں اعتدال سے کام لینا چاہئے، خصوصاً ذیابیطس، بلڈ پریشر، امراض قلب اور پیٹ کی متعدد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں جو جسمانی نظام کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ڈاکٹر ز نے کہا کہ چٹ پٹے کھانوں کی بچائے، پھلوں اور سبزیوں کا ذیادہ استعمال کریں۔ پھلوں اور سبزیوں میں موجود پانی اور فائبر پیاس بھجانے کے ساتھ پیٹ بھرنے کا احساس دلاتے ہیں، جبکہ پھلوں میں موجود مٹھاس انسانی جسم میں چینی کیلئے پائی جانے والی طلب کو بھی پورا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک کے استعمال میں احتیاط برتی جائے، ضرورت سے ذیادہ ٹھنڈے پانی اور برف کے استعمال سے بھی پرہیز کریں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ ورزش کو معمول بنائیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

مزیدخبریں