لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان معاشی رہنما کے طور پر ابھرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لیکن اس کیلئے روپے کی قدر میں کمی، صنعتوں کی بندش، یوٹیلیٹی کی بلند قیمتیں، افراط زر اور بلند مارک اپ کی بلند شرح ، بھاری ٹیکس جیسے مسائل پر قابو پانا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 35ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے کیا۔ وفد کی قیادت این آئی ایم کے فیکلٹی ایڈوائزر عامر فیاض کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا تاجر دوست سکیم کے معاملے پر لاہور چیمبر کو تحفظات ہیں۔ اسکیم شروع کرنے سے پہلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ جنہوں نے کبھی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کروائی، ان سے ہر ماہ ایڈوانس ٹیکس جمع کرانے کا کہنا ممکن نہیں ۔