جدید تعلیمی نصاب کیلئے  پالیسی سازوں کیساتھ مشاورت میں ہیں‘سکندر حیات 

 لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آرٹیکل 25 اے کے نفاذ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تعلیمی نصاب کو جدید انداز میں ڈھالنے کیلئے بھی سٹیک ہولڈرز اور پالیسی سازوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ آئندہ تعلیمی سال تعلیمی ایمرجنسی کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک غیر سرکاری تنظیم کے تحت منعقدہ تعلیمی سیمینار اور پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام سٹیک ہولڈر سے مشاورت کر کے فیصلے کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ اس ضمن میں کوئی بھی فیصلہ ڈرائنگ روم میں نہیں کیا جائے گا۔  رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی سکولوں میں سہولیات کے فقدان کا نوٹس لیا اور فی الفور سہولیات پوری کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب حکومت ہر یونین کونسل میں سکول بنانے پر کام کر رہی ہیں ۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن، تعلیم بالغاں اور ٹیکنالوجی کو سیکھنے سے متعلق ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ ٹیچر ٹریننگ اور کوالٹی ایجوکیشن پر فوکس کر کے تعلیم کو ابتری سے نکالیں گے۔   وزیر تعلیم نے کہا کہ ایسا پاکستان بنائیں گے جو ٹیکنالوجی کو ایکسپورٹ کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن