لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ انسداد ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں،مجھے خانہ پوری نہیں حقیقی نتائج چاہئیں۔ ڈائریکٹو ریٹ جنرل انڈسٹریز پونچھ ہاؤس کے بریفنگ اجلاس میںڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ نے ادارے کی کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے، ورکنگ اور چیلنجز بارے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں پر پیش رفت کا بھی جائرہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ چکن کی قیمتوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ صوبائی وزیر نے پرائسنگ ونگ کو مستحکم کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ نے بریفنگ میںبتایا کہ 14سوپرائس کنٹرول مجسٹریٹس فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔سیمنٹ کے نئے کارخانوں کیلئے 16این او سی جاری ہوئے، 3 پلانٹ لگ چکے ہیں۔اجلاس میں چیف انسپکٹر بوائلر نواز احمد چیمہ، ڈائریکٹر انڈسٹریز اظہر حسین، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید اقبال قریشی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ذخیرہ اندوزی ، گراں فروشی سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے‘وزیرصنعت
Apr 17, 2024