ہائیکورٹ سے پی ٹی آئی ایم این اے بلال اعجاز، ایم پی اے میاں عاطف بحال

Apr 17, 2024

لاہور؍ نوشہرہ ورکاں؍ سانگلہ ہل (خبرنگار+ نمائندگان)  ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 81 گوجرانوالہ سے (ن) لیگ کے امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چودھری کی رکنیت بحال کردی۔ جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کے اڑھائی ہزار ووٹ کم کر دیئے۔  دریں اثناء پی پی 133 ننکانہ سے دوبارہ گنتی میں کامیاب ہونے والے لیگی ایم پی اے رانا ارشد کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا۔  جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد عاطف نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ فارم 45 کے مطابق 3 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی لیکن الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا اور دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو 2 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دے دیا گیا۔  دریں اثناء قومی اسمبلی کے حلقے 97 فیصل آباد میں  علی گوہر بلوچ کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جار کر دیا۔ ای سی پی نے این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔ (ن) لیگ کے علی گوہر بلوچ کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

مزیدخبریں