اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی معیشت میں بہتری‘ مہنگائی‘ بیروزگاری شرح میں کمی کی پیشگوئی کر دی۔ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2024ء جاری کر دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس سال معاشی شرح نمو2 فیصد اور ا گلے سال 3.5 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔ رواں سال مہنگائی 21 فیصد ہدف کے مقابلے 24.8 فیصد رہے گی جبکہ اگلے مالی سال مہنگائی میں 12.1 فیصد کی نمایاں کمی متوقع ہے۔ پاکستان میں رواں سال بے روزگاری 8 فیصد اور اگلے سال 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹا لیناجارجیوا کا اٹلانٹک کونسل کے تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔رواں مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.1 فیصد رہنے کا امکان ہے البتہ آئندہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھ کر جی ڈی پی کا 1.2 فیصد ہوجائے گا۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے عالمی منظرنامے کا بھی احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال عالمی سطح پر معاشی شرح نمو 3.2 فیصد رہنے کا امکان ہے اور جنوری میں کی گئی پیش گوئی کے مقابلے میں اس میں 0.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح کم ہو کر 5.9 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ 2025 تک یہ مزید کم ہو کر 4.5 فیصد کی سطح پر آنے کا امکان ہے۔