پراپیگنڈا کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی، کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردوں کو فعال نہ ہونے دیں، آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔  آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم کو بریفنگ دی گئی کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات کے خلاف بطور پراکسی کام کررہے ہیں، یہ دہشت گرد گروہ بالخصوص سی پیک کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ فورم نے غیر قانونی طور پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی اظہار تشویش کیا اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اگر فریقین نے کشیدگی فوری کم نہ کی تو ایک وسیع علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور فورم نے کہا کہ مسلح افواج کے خلاف بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ ہم عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ  ڈالنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ فورم نے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کے خلاف اور غیرقانونی تارکین کی محفوظ وطن واپسی کیلئے بھرپور تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن