اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے کردار ادا کریں گے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان کے دورے سے بہت خوشی ہوئی، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہو گی۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاری سے متعلق اہم کام آئندہ چند مہینوں میں ہو گا۔ ہم باہمی اقتصادی خوشحالی و علاقائی سالمیت کے لیے مل کر کام کرنا جاری رکھیں گے۔ سعودی وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کو بڑھائیں گے، ہم مل کر باہمی مفاد حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری سیزفائر ہونا چاہئے، غزہ میں 33 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، ہم اپنے خطے میں محاذ آرائی نہیں چاہتے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، سعودی عرب کے وفد کا استقبال کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کا احترام ہے، آج سعودی عرب کے وفد کو باضابطہ طور پر ایس آئی ایف سی سے آگاہ کیا گیا۔ سعودی وفد کو زراعت، کان کنی اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا گیا، سعودی وفد کے ساتھ مختلف شعبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کریں گے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں، غزہ صورتحال پر عالمی ضمیر کو جاگ جانا چاہئے، پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بہت تشویش ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ایک وفد کے ہمراہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کے لیے باہمی مفادات اور پالیسیوں پر بات چیت ہوئی۔ معزز مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور سٹریٹجک نوعیت کے تعلقات پر زور دینے کے علاوہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے وفد کے دورے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے لیے جو عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔ آرمی چیف نے وفد کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے لیے بات چیت کے باہمی فائدہ مند نتائج کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان منفرد تعلقات میں باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں جبکہ پوری قوم سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے، دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم نے سرمایہ کاری سے متعلق عالمی ماہرین کی مشاورت سے فزیبلٹی تیار کی ہے، آج کی گفتگو سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، سعودی عرب کے ساتھ اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے معیار پر پورا اتریں گے، ایس آئی ایف سی شاندار ماڈل ہے جس نے مختصر وقت میں بہترین میکنزم تشکیل دیا ہے، ہم اپنے اہداف حاصل کریں گے، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف اور اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں، ہم مل کر اپنا مشن مکمل کریں گے، مشترکہ منصوبوں کو مکمل کرکے ہم اپنا ہدف حاصل کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھرپور استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں، سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ عشائیہ میں وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات اور دورہ پاکستان کا پیغام دیا، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب 28 اور 29 اپریل کو متوقع ہے جس کے دوران معاہدوں پر دستخطوں کا امکان ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ وفد میں سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن بن عبدالمحسن الفضلی، سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل انجینئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ الخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شریک ہوئے۔ تمام وزراء نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔ وفد کو پی آئی اے، ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو سٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی۔ تجویز کے مطابق ہوٹلز کے لئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اور سرمایہ کاری سعودی عرب کرے یا پھر وہ چاہے تو خود ہوٹل بنا کر چلائے۔ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔ سعودی وفد کو ہیلتھ سٹی بنانے کی بھی پیش کش کی گئی۔ اس کے لئے سی ڈی اے پارٹنر بننے یا زمین دے کر پیسے لینے کے لئے بھی تیار ہے۔ دریں اثناء پاکستان اور سعودی عرب نے دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کے لئے مضبوط شراکت داری قائم کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ بات صدر مملکت آصف علی زرداری اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔ سعودی وزیر خارجہ نے ایوان صدر میں ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ صدر مملکت سے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق سعودی وفد میں وزیر پانی و زراعت، وزیر صنعت و معدنی وسائل، معاون وزیر سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزارت توانائی اور سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان، وزیر پٹرولیم اور آبی وسائل مصدق مسعود ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔ صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں اور پاکستان موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی حکومت اور عوام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت اور ویژن 2030ء کے تحت ہونے والی قابل ذکر پیش رفت کو سراہا۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی وفد کی پاکستان آمد پر بہت خوشی ہوئی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے پاکستان میں وفد بھیجنے پر مشکور ہیں۔ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ہونے والی گفتگو دونوں ملکوں کے درمیان نئے دورہ کا آغاز کرے گی، پورا پاکستان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کا منتظر ہے۔ ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے، اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایسی مہمان نوازی کو بھلایا نہیں جا سکتا، سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے پرجوش استقبال پر مشکور ہیں عشائیہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے اپنی اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفد پاکستانی فریق کے فعال اور کاروباری توجہ کے نقطہ نظر سے بہت متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع موجود ہیں اور ان کا دورہ اس حوالے سے بہت مثبت رہا جو مستقبل کے منصوبوں کی بنیاد فراہم کرے گا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تاریخی دوطرفہ تعاون کے ساتھ اقتصادی پیشرفت اور علاقائی سلامتی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے سعودی عرب کی جانب سے حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاک سعودی تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی توقع ہے۔
پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے کردار ادا کریں گے، سعودی وزیر خارجہ: شراکت داری کے نئے دور کا آغاز، شہباز شریف
Apr 17, 2024