وزیر آباد (نامہ نگار) وزیر آباد کے نواحی علاقہ گکھڑ میں مکان کی چھت گرنے سے پورا خاندان ملبے تلے دب گیا۔ باپ بیٹا جاں بحق، بیوی، بیٹی اور بہن زخمی ہو گئی۔ گکھڑ منڈی کے علاقہ مین بازار میں حالیہ بارشوں کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجہ میں 45 سالہ ملک بلال اعجاز اس کا 4 سالہ بیٹا معاذ، بیوی، بیٹی اور بہن سمیت ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو 1122 کے عملہ اور اہل علاقہ نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ وقوعہ پر ایس ایچ او فرحت چٹھہ سمیت پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کے اہلکار بھی موجود رہے اور اپنی نگرانی میں ریلیف کا کام کرواتے رہے۔